سردار یوسف کی زیرصدارت اجلاس، پاکستان حج مشن میں مشاعرِ مقدسہ کے انتظامات پر بریفنگ

image

وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کو پاکستان حج مشن میں مشاعرِ مقدسہ کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں عازمین حج کی نقل و حرکت، رہائش، کھانے اور رہنمائی کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ رہائش گاہوں سے وادی منیٰ روانگی کے لیے خصوصی بس آپریشن پلان تیار کرلیا گیا ہے، جبکہ 7 اور 8 ذی الحجہ کی درمیانی شب عازمین کو مرحلہ وار منیٰ منتقل کیا جائے گا۔ عرفات اور مزدلفہ تک عازمین کی بروقت نقل و حرکت یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ قائم ہے۔

حکام کے مطابق ایامِ حج کے دوران عازمین کو تین وقت تازہ اور پاکستانی معیار کے مطابق کھانا فراہم کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مزید برآں، منیٰ اور عرفات کے راستوں پر 50 خدام الحجاج کی گائیڈنگ پوسٹیں قائم کی جائیں گی تاکہ عازمین کی رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ عازمین حج کی ہر 188 افراد پر مشتمل ٹولی کے لیے ایک ناظم مقرر کیا جائے گا، جو مناسک حج کے دوران رہنمائی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ لائن 8002450028 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مشاعرِ مقدسہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ مکمل سکون اور یکسوئی کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں۔

انہوں نے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ ایامِ حج کے دوران نظم و ضبط، ایثار اور صبر کا مظاہرہ کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US