عیدالاضحیٰ میں صرف تین روز باقی رہ جانے کے باعث ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا، جبکہ شہری رات گئے تک اپنی پسند کے قربانی کے جانوروں کی تلاش میں مصروف رہے۔
مختلف شہروں کی مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے درمیان قیمتوں پر مذاکرات جاری رہے، تاہم کئی مقامات پر بیوپاری منہ مانگی قیمت وصول کرنے پر ڈٹے رہے جس کے باعث خریداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد کی مویشی منڈی میں فتح جنگ کے طاقتور اور خوبصورت بیل خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ذرائع کے مطابق بعض شوقین افراد نے چھ لاکھ روپے تک کی پیشکش کی، تاہم بیوپاریوں نے جانور فروخت کرنے سے انکار کر دیا۔
دوسری جانب سوات میں قربانی کے جانور نسبتاً مناسب نرخوں پر دستیاب ہیں، جہاں بھینسوں کا گوشت ساڑھے سات سو روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عید قریب آنے کے ساتھ جانوروں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ بیوپاریوں کے مطابق چارے اور نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے سے قیمتیں زیادہ رکھی گئی ہیں۔