پاکستان سمیت 14 ممالک کی مقبوضہ بیت المقدس میں ”صومالی لینڈ“ سفارت خانے کے افتتاح کی مذمت

image

پاکستان، مصر، سعودی عرب، قطر، اردن، لبنان، ترکیہ، انڈونیشیا، جبوتی، صومالیہ، فلسطین، عمان، سوڈان اور یمن کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ بیت المقدس میں نام نہاد ”صومالی لینڈ“ کے مبینہ سفارت خانے کے افتتاح کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزارتِ خارجہ کے دفترِ ترجمان کی جانب سے جاری مشترکہ وزارتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، جو مقبوضہ بیت المقدس کی قانونی اور تاریخی حیثیت پر براہِ راست حملہ تصور کیا جاتا ہے۔

اعلامیے میں وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں کسی بھی غیر قانونی حقیقت کو مسلط کرنے یا ایسے اقدامات کو جائز قرار دینے کی کوششوں کو مسترد کیا جاتا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں سے متصادم ہوں۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مشرقی بیت المقدس 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقہ ہے، اور اس کی قانونی و تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کے تمام اقدامات کالعدم، غیر مؤثر اور ناقابلِ قبول ہیں۔

وزرائے خارجہ نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے ایسے تمام یکطرفہ اقدامات کو مسترد کیا جو صومالیہ کی خودمختاری یا اتحاد کو نقصان پہنچائیں۔

اعلامیے میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے احترام کو یقینی بنائے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US