پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 11 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد مارے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ چھپے ہوئے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ”عزمِ استحکام“ وژن کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھیں گے۔