چین سے آنے والا 12.8 میٹر ڈرافٹ کا بڑا کارگو جہاز ”ایم وی بی جیا شان“ گوادر پورٹ پر بحفاظت لنگر انداز ہوگیا۔ وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے جہاز کی کامیاب برتھنگ کو گوادر پورٹ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور اسٹریٹجک اہمیت کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
وزیر بحری امور کے مطابق گوادر پورٹ نے ایک بار پھر اپنی ڈیپ ڈرافٹ صلاحیت ثابت کرتے ہوئے 53 ہزار 277 میٹرک ٹن اسٹیل بلٹس پر مشتمل بھاری کارگو کامیابی سے ہینڈل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل بڑے جہازوں کی آمد اس بات کی عکاس ہے کہ گوادر پورٹ خطے میں تیزی سے ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ حب کے طور پر ابھر رہا ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بھاری کارگو جہاز کی کامیاب ہینڈلنگ سے گوادر پورٹ کی آپریشنل استعداد اور عالمی بحری تجارت میں اس کے کردار کو مزید تقویت ملی ہے، جبکہ گوادر کی اسٹریٹجک اہمیت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔