33 برس بعد عرفہ کے دن ایک بار پھر سورج کعبہ پر ہوگا، نایاب فلکیاتی مشاہدہ

image

یومِ عرفہ 2026 پر ایک منفرد فلکیاتی منظر دیکھنے کو ملے گا جب سورج عین خانہ کعبہ کے اوپر آجائے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ نایاب منظر 27 مئی 2026 کو دوپہر کے وقت ظاہر ہوگا، جو 9 ذوالحجہ 1447 ہجری کے مطابق یومِ عرفہ کا دن ہے۔ اس وقت مکہ مکرمہ میں سورج کی سیدھی روشنی کے باعث سایہ تقریباً ختم ہوجائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کا خانہ کعبہ کے اوپر آنا دراصل ایک قدرتی فلکیاتی عمل ہے جو ہر سال دو مرتبہ پیش آتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ مکہ مکرمہ کا جغرافیائی محل وقوع ہے، جو تقریباً 21.4 ڈگری شمالی عرض بلد پر واقع ہے، جبکہ سورج سال بھر خطِ استوا اور مدارِ سرطان کے درمیان حرکت کرتا رہتا ہے۔

اس سال اس واقعے کو خاص اہمیت اس لیے حاصل ہے کیونکہ یہ یومِ عرفہ کے ساتھ موافق ہو رہا ہے، جو تقریباً 33 برس بعد ہونے والا اتفاق ہے۔ اس سے پہلے ایسا منظر 1993 میں دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق قمری اور شمسی کیلنڈرز کے فرق کے باعث یہ مطابقت طویل عرصے بعد دوبارہ سامنے آتی ہے۔

سعودی عرب کے نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے واضح کیا ہے کہ اس فلکیاتی مظہر کا شدید گرمی یا موسم میں غیر معمولی تبدیلی سے براہِ راست تعلق نہیں۔ ادارے کے ترجمان حسین القحطانی کے مطابق درجہ حرارت پر نمی، بادل، ہوا کی رفتار اور فضائی دباؤ جیسے کئی عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ موسم اور فلکیاتی معلومات کے لیے صرف مستند ذرائع پر اعتماد کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US