سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے اعلان کیا ہے کہ 104 ممالک سے تعلق رکھنے والے 2,500 عازمین حج خادم الحرمین الشریفین کے مہمانوں کے پروگرام کے تحت حج 1447 ہجری کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔
وزارت کے مطابق اس سال کے گروپ میں 1,300 نامور اسلامی اسکالرز اور عالمی شخصیات شامل ہیں، جبکہ 200 عازمین کا تعلق لائبیریا سے ہے۔ اس کے علاوہ 1,000 سوڈانی شہری بھی شامل ہیں جو ”آپریشن فیصلہ کن طوفان“ اور ”آپریشن بحالی امید“ کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ ہیں۔
وزیرِ اسلامی امور شیخ عبداللطیف آل الشیخ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے اس سالانہ اقدام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وزارت نے عازمین کے لیے جامع آپریشنل منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس منصوبے میں ٹرانسپورٹ، رہائش اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ میں رہنمائی پر مبنی ثقافتی پروگرام شامل ہیں تاکہ حجاج کرام اپنے مناسک آسانی اور سکون کے ساتھ ادا کرسکیں۔