نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 26 سے 28 مئی تک نیویارک کا دورہ کریں گے

image

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 26 سے 28 مئی تک نیویارک کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم مباحثے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سلامتی کونسل کا یہ مباحثہ عالمی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے کردار پر مرکوز ہوگا، جو مئی 2026 کے لیے چین کی صدارت میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ مباحثے کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے اس اقدام کو بروقت اور مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

دورے کے دوران 28 مئی کو اسحاق ڈار گلوبل گورننس گروپ آف فرینڈز کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں عالمی طرز حکمرانی میں اصلاحات اور مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے پر غور کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اپنے دورے کے دوران اہم عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جبکہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے لیے اپنے تعمیری کردار کو جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US