سندھ محکمہ صحت نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایبولا وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر احتیاطی اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیے ہیں۔
اس حوالے سے اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس اسپیشل سیکریٹری صحت فواد غفار سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایئرپورٹ پر ایبولا سے نمٹنے کی تیاریوں اور موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایئرپورٹ پر نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، فوری ردِعمل کے اقدامات کو بہتر کیا جائے گا اور آئسولیشن وارڈز سمیت دیگر طبی سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
اجلاس میں محکمہ صحت سندھ کے علاوہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، ایف آئی اے، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور بارڈر ہیلتھ سروسز کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر وقار میمن، ڈائریکٹر پی ڈی ایس آر یو ڈاکٹر آصف سید اور ڈاکٹر ظفر مہدی بھی موجود تھے۔
اجلاس کے بعد متعلقہ عملے کو ایبولا سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی۔