صبر کرنے والوں کے لیے اللہ تعالیٰ نے اجرِ عظیم کا وعدہ فرمایا ہے، خطبہ حج

image

مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام مسجد نبوی ﷺ اور امیرِ حج شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمن الحذیفی نے کہا ہے کہ رب کے سوا کسی کی عبادت نہ کی جائے، تقویٰ اختیار کیا جائے اور صرف اللہ سے ڈرا جائے۔

خطبہ حج کے دوران انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہر حال میں صبر کا دامن تھامے رکھنا چاہیے کیونکہ صبر کرنے والوں کے لیے اللہ تعالیٰ نے اجرِ عظیم کا وعدہ فرمایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ توحید پر عمل ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور نبی کریم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں۔

انہوں نے اللہ کی نعمتوں پر شکر ادا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جن قوموں نے ناشکری اور ظلم کیا، ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔ امام مسجد نبوی ﷺ نے زور دیا کہ ہمیشہ سچ بولا جائے غلط بیانی سے اجتناب کیا جائے اور عبادات و ذکر الٰہی میں مشغول رہا جائے۔

خطبہ میں انہوں نے کہا کہ اللہ اور بندے کا تعلق نجات کا ذریعہ ہے، لہٰذا مومنوں کو اپنے رب سے جڑے رہنا چاہیے اور حج کے دوران کسی قسم کے جھگڑے اور فساد سے بچنا چاہیے تاکہ وحدت کو نقصان نہ پہنچے۔

انہوں نے مناسک حج کی ادائیگی میں احتیاط اور اخلاص کی تلقین کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام عازمین حج کے اعمال قبول فرمائے اور انہیں ہدایت عطا کرے۔

دوسری جانب مکہ مکرمہ اور میدان عرفات میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج نے خطبہ سنا اور وقوفِ عرفات کا رکنِ اعظم ادا کیا۔ اس موقع پر روحانی مناظر دیکھنے میں آئے۔

خطبہ میں مزید کہا گیا کہ قیامت کا دن انتہائی سخت ہوگا، اور کامیابی صرف توحید اور اللہ کی عبادت میں ہے۔ جو لوگ اللہ کے سوا دوسروں کو پکارتے ہیں وہ نقصان میں ہیں۔

امام نے کہا کہ جو اللہ سے ڈرتا ہے اس کے لیے دوہری جنت کی بشارت ہے، جبکہ اللہ صبر کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے۔ انہوں نے حجاج کو مناسک حج بہترین انداز میں ادا کرنے اور کثرت سے ذکر و دعا کی تلقین بھی کی۔

آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام حجاج کو سلامت اپنے گھروں کو واپس لوٹائے، ان کے اعمال قبول فرمائے اور ان کے دلوں کو حق پر جمع رکھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US