امریکی میڈیا کے مطابق امریکی سینٹرل کمان نے کہا ہے کہ جنوبی ایران میں فضائی حملے کیے گئے ہیں جن میں ڈرون لانچنگ تنصیبات اور بارودی سرنگیں بچھانے والی ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سینٹ کام کے مطابق امریکی فورسز نے جنوبی ایران میں کارروائی کرتے ہوئے ان مقامات کو ہدف بنایا جہاں سے ڈرون آپریشنز کیے جا رہے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات امریکی افواج کے دفاع اور خطے میں سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے۔
امریکی سینٹرل کمان کا کہنا ہے کہ جاری جنگ بندی کے باوجود امریکی فوج تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے، تاہم اپنے اہلکاروں اور مفادات کے دفاع کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
اس سے قبل ایرانی شہر بندر عباس میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں جس کے بعد خطے میں کشیدگی سے متعلق خدشات بڑھ گئے تھے۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بندر عباس میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور عوام کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے امریکی حملوں سے متعلق فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔