وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے بیجنگ میں آئی بی آئی کارپوریشن کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تکنیکی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری اور ادارہ جاتی روابط دونوں ممالک کی ہمہ موسمی اسٹریٹجک شراکت داری کا اہم ستون ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چند ہفتے قبل اسلام آباد میں آئی بی آئی کے وفد کی میزبانی ان کے لیے اعزاز تھا، اور پاکستان چینی کمپنیوں کے کاروباری فروغ اور توسیع میں مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے سی پیک 2.0 کے تحت مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو حکومت کی اہم ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں تیزی سے پیشرفت جاری ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کی فنی تربیت اور جدید مہارتوں کے حصول کے لیے حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔
وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کو کراچی کے قریب پورٹ قاسم میں قائم اقتصادی زون کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے ایک جدید صنعتی مرکز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
دورے کے موقع پر آئی بی آئی کارپوریشن کے صدر مسٹر چیان شیاو جون اور فینگتائی ڈسٹرکٹ کے پارٹی سیکریٹری مسٹر وانگ شاؤفینگ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
چین پاکستان صنعتی تعاون اور سرحد پار صنعتی راہداریوں پر منعقدہ اجلاس میں 150 سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں مستقبل کے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔