بجلی و گیس کا گردشی قرضہ 5100 ارب روپے تک پہنچ گیا

image

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس کا مجموعی گردشی قرضہ 5100 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے جو گزشتہ سال 3500 ارب روپے تھا۔ اسی طرح پاکستان کا مجموعی بیرونی قرضہ بھی 137 ارب 56 کروڑ ڈالر تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے لیے ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، مالی ترجیحات، آئی ایم ایف پروگرام کی کارکردگی اور بنیادی اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ابھرتے ہوئے معاشی خطرات اور پالیسی چیلنجز پر بھی غور کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اگرچہ معیشت میں بتدریج بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں، تاہم پاکستان اب بھی “غیر مستحکم استحکام” کے مرحلے سے گزر رہا ہے۔ مالی سال 2026-27 کے لیے جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مہنگائی دوبارہ بڑھ کر دو ہندسوں میں داخل ہو چکی ہے اور اپریل 2026 میں سالانہ بنیاد پر 10.9 فیصد تک پہنچ گئی۔

اجلاس میں اراکین نے ٹیکس بیس بڑھانے کے بجائے بالواسطہ ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی پر مسلسل انحصار پر تشویش کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے گردشی قرضوں میں مسلسل اضافے، سرکاری اداروں میں اصلاحات کی سست رفتار، مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے باعث بڑھتے ہوئے سماجی و معاشی دباؤ پر بھی گہری تشویش ظاہر کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US