امریکا ایران کشیدگی میں پاکستان کے ثالثی کردار کی عالمی سطح پر پذیرائی، ترک میڈیا

image

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

ترک میڈیا ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں پاکستان ایک قابل اعتماد اور مؤثر ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے جبکہ علاقائی قوتوں کے برعکس پاکستان نے خاموش، منظم اور مؤثر سفارت کاری کو اپنایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارت کاری تشہیر کے بجائے بیک چینل ڈپلومیسی اور خاموش روابط پر مبنی ہے، جس کے ذریعے مشکل حالات میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھنے میں مدد ملی۔

ٹی آر ٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت، عسکری و انٹیلی جنس ساکھ اور امریکا و ایران دونوں کے ساتھ روابط نے اسے ایک منفرد سفارتی حیثیت دی ہے۔ پاکستان کی عسکری قیادت اقتصادی راہداری، علاقائی روابط اور سفارت کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکا، چین، خلیجی ریاستوں، ایران اور ترکیہ کے ساتھ فعال سفارتی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے نے بھی خطے میں اس کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا ہے۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی مغربی سرحدوں پر دہشت گردی کے خلاف سخت مؤقف اپنایا ہے، اور موجودہ علاقائی کشیدگی کے دوران پاکستان ایک قابل قبول ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔ تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان کو اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے کے لیے معاشی چیلنجز پر قابو پانا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی، ایرانی، سعودی، ترکیہ اور قطری حکام بھی اس کشیدہ صورتحال میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہ چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US