فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر قائم اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے جوانوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی، جبکہ پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھ کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وطن کے دفاع کے لیے جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اور افواج متحد ہیں۔
انہوں نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے افواجِ پاکستان اور قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردی اور اس کے تمام سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔