ٹرمپ کے ہم شکل بھینسے کی قربانی نہیں ہوسکتی، بنگلا دیش حکومت کی عین وقت پر مداخلت

image

بنگلادیش میں ایک نایاب سفید بھینسا، جسے اس کے سنہری بالوں کی وجہ سے لوگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے پکارنے لگے تھے، عیدالاضحیٰ پر قربانی سے بچ گیا۔ حکومتی مداخلت کے بعد اس جانور کو ذبح کرنے کا فیصلہ روک دیا گیا۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 700 کلو وزنی اس سفید بھینسے کو پہلے ہی قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا، تاہم جیسے ہی اس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، عوام کی بڑی تعداد اسے دیکھنے کے لیے آنے لگی۔ اس کی منفرد سنہری کھال اور نرم مزاجی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔

بنگلادیشی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی عوامی دلچسپی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث حکومت نے آخری وقت میں مداخلت کی۔ بعد ازاں وزیر داخلہ صلاح الدین احمد کی ہدایت پر خریدار کو ادائیگی واپس کرنے اور بھینسے کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق اب اس نایاب جانور کو ڈھاکا نیشنل چڑیا گھر منتقل کر دیا جائے گا تاکہ عوام اسے محفوظ ماحول میں دیکھ سکیں۔ سوشل میڈیا پر شہرت ملنے کے بعد یہ بھینسا پورے بنگلادیش میں دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے اور لوگ دور دراز علاقوں سے صرف اسے دیکھنے اور تصاویر بنوانے کے لیے پہنچ رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US