سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں ٹرین اسٹیشن کے قریب چاقو حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے حملے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے کچھ پہلے پیش آیا، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم بعد ازاں اسے گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزم 31 سالہ سوئس شہری بتایا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں کی عمریں 28، 43 اور 52 سال ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہوسکے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ مقامی اخبار ’’بلک‘‘ کے مطابق متعدد عینی شاہدین نے دعویٰ کیا کہ حملہ آور واقعے کے دوران ’’نعرہ تکبیر‘‘ بلند کررہا تھا۔
اخبار نے ایک ویڈیو کا حوالہ بھی دیا ہے جس میں ایک شخص کو اسٹیشن کے احاطے سے بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کے ہاتھ میں چاقو تھا جبکہ لوگ خوف کے باعث چیختے اور بھاگتے دکھائی دیے۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر پولیس آپریشن شروع کر دیا گیا، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے پر مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔