امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ابھی حتمی معاہدہ نہیں ہوا، تاہم دونوں ممالک معاہدے کے بہت قریب ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے اور جنگ بندی میں توسیع سے متعلق مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چند نکات پر ابھی بات چیت جاری ہے جبکہ صدر ٹرمپ تاحال معاہدے کی حتمی منظوری دینے کے لیے تیار نہیں، تاہم مزید پیش رفت کے بعد معاہدے کی توثیق ممکن ہو سکتی ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکا اس پوزیشن میں ہے کہ تہران کے جوہری پروگرام کو پیچھے دھکیل سکے، تاہم یہ کہنا مشکل ہے کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر کب دستخط کریں گے۔
دوسری جانب امریکی نیوز ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور ایرانی مذاکرات کار جنگ بندی میں توسیع اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات شروع کرنے کے لیے 60 روزہ مفاہمتی یادداشت پر متفق ہو چکے ہیں، تاہم صدر ٹرمپ نے ابھی اس کی حتمی منظوری نہیں دی۔