امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کا مسودہ اسرائیل اور دیگر اتحادی ممالک کے ساتھ شیئر کردیا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق مجوزہ معاہدے کی تفصیلات وہی ہیں جو گزشتہ چند روز سے عالمی میڈیا میں زیر گردش تھیں۔ مسودے کے مطابق آبنائے ہرمز کو کھلا رکھا جائے گا جبکہ ایران پر عائد امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے کے تحت ایران کے منجمد اثاثوں میں سے 12 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے، جبکہ ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق حتمی فیصلہ 60 روز کے اندر کیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار انتہائی چالاک اور ماہر ہیں، تاہم تمام مضبوط پتے امریکا کے ہاتھ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایسا کوئی معاہدہ قبول نہیں کرے گا جو اس کے مفاد میں نہ ہو۔ ٹرمپ کے مطابق وہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور مذاکراتی عمل جاری ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایرانی بہت ذہین مذاکرات کار ہیں، لیکن آخرکار تمام مضبوط پتے ہمارے پاس ہیں کیونکہ ہم انہیں عسکری طور پر شکست دے چکے ہیں۔