رضوان سجن کا بڑا اعلان: جنگی کشیدگی کے باوجود 6 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے نہ نکالنے کا فیصلہ

image

دبئی میں کاروباری ایمپائر قائم کرنے والے بھارتی ارب پتی کاروباری شخصیت رضوان سجن ان دنوں ریئلٹی شو دیسی بلنگ کی وجہ سے بھی خبروں میں ہیں، تاہم ان کی اصل پہچان صرف دولت نہیں بلکہ اپنے ملازمین کے لیے نرم دل اور ذمہ دار رویہ بھی ہے۔ حال ہی میں مغربی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جہاں کئی کمپنیاں ملازمین کو نوکریوں سے نکال رہی تھیں، وہیں رضوان سجن نے اپنے 6 ہزار سے زائد ملازمین کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی نوکریاں مکمل طور پر محفوظ ہیں۔

دبئی میں قائم مشہور کمپنی دانوب پراپرٹیز کے بانی رضوان سجن نے انسٹاگرام پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے باوجود ان کے ادارے میں کسی بھی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔ انہوں نے لکھا کہ اچھے وقت میں ہر کوئی ترقی کی بات کرتا ہے، لیکن اصل امتحان مشکل وقت میں انسان کی اقدار کا ہوتا ہے۔

رضوان سجن نے مزید کہا کہ نہ صرف تمام ملازمین اپنی ملازمتوں پر برقرار رہیں گے بلکہ ان کی تنخواہیں بھی وقت پر ادا کی جائیں گی۔ ان کے مطابق “دانوب گروپ میں کوئی برطرفی نہیں ہوگی اور تمام ملازمین کو بروقت تنخواہیں ملتی رہیں گی۔”

ان کے اس اعلان کو سوشل میڈیا پر بے حد سراہا گیا۔ کئی صارفین نے انہیں ایک بہترین لیڈر قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ صرف 6 ہزار ملازمین نہیں بلکہ 6 ہزار خاندان ہیں اور آپ واقعی ایک سچے رہنما ہیں۔ ایک اور صارف نے کہا کہ یہی اصل کامیابی ہے کہ آپ اپنے لوگوں کو ترجیح دیتے ہیں۔

رضوان سجن نے 1993 میں چند ہزار درہم سے اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا۔ دبئی آنے کے بعد انہوں نے پہلے ایک ہارڈویئر اسٹور میں کام کیا اور پھر اسی سال دانوب کے نام سے ایک چھوٹی تجارتی کمپنی قائم کی۔ بعد ازاں 2014 میں انہوں نے “دانوب پراپرٹیز” کی بنیاد رکھی، جو آج دبئی کی بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔

ان کی کمپنی نے دبئی میں 55 منزلہ کمرشل ٹاور بھی تعمیر کیا جسے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے نام سے منسوب کیا گیا۔ آج ان کا کاروبار متحدہ عرب امارات کے علاوہ بحرین، بھارت، سعودی عرب، عمان، قطر اور چین تک پھیل چکا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ معیشت و سیاحت نے رضوان سجن کو “یو اے ای کے ٹاپ 100 بھارتی رہنماؤں” میں شامل کیا ہے جبکہ فوربز مڈل ایسٹ نے انہیں 2025 کے “سب سے مؤثر رئیل اسٹیٹ لیڈرز” میں بھی جگہ دی۔ ان کی کمپنی کی سالانہ آمدنی اس وقت 5.13 ارب درہم بتائی جاتی ہے۔

اپنی کامیابی کے بارے میں رضوان سجن کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ مواقع کی سرزمین رہا ہے، جہاں دنیا بھر سے باصلاحیت افراد اور کاروباری شخصیات آتی ہیں۔ ان کے مطابق یو اے ای نے نہ صرف انہیں ترقی کرنے کا موقع دیا بلکہ معاشرے اور معیشت میں اپنا کردار ادا کرنے کا بھی موقع فراہم کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US