امریکا میں شادی کی خوشیاں اس وقت غم میں بدل گئیں جب بھارتی نژاد ایک نوجوان اپنی شادی کے چند گھنٹوں بعد ہی ہیلی کاپٹر حادثے میں جان کی بازی ہار گیا، جبکہ نئی نویلی دلہن زخمی ہوگئی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جارجیا کے شہر اٹلانٹا سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ بھارتی نژاد دیو فجی اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہیلی کاپٹر میں سفر کر رہے تھے کہ ڈاسن کاؤنٹی کے قریب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے کے نتیجے میں دیو فجی اور ہیلی کاپٹر کا پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ دیو کی اہلیہ زخمی ہوئیں جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دیو فجی کے والدین جارج اور فیبا فجی کئی برس قبل بھارتی ریاست کیرالہ سے امریکا منتقل ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق دیو فجی اور ان کی اہلیہ شادی کی تقریب کے اختتام کے بعد ہیلی کاپٹر کے ذریعے پنڈال سے ائیرپورٹ جا رہے تھے، تاہم راستے میں موسمی حالات خراب ہوگئے اور ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔