بھارت میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کے انتخاب کے حوالے سے حالیہ دنوں میں شدید بحث اور تنقید دیکھنے میں آرہی ہے۔
مبصرین اور ناقدین کا دعویٰ ہے کہ ملک کے اس سب سے اہم ترین فوجی عہدے پر تعیناتی کا عمل اب شفاف نہیں رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ میرٹ کے بجائے مخصوص سیاسی وفاداریوں، جیسے کہ موجودہ حکومت اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نظریات سے وابستگی، کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ یہ الزامات بھی سامنے آئے ہیں کہ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹریٹ (NSCS) میں حکومتی سرپرستی میں کام کرنے کا تجربہ رکھنے والے یا مخصوص علاقائی و رجمنٹل پس منظر، جیسے کہ گڑھوال کنکشن یا گڑھوال رائفلز سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ فوجی افسران کو اس منصب کے لیے موزوں سمجھا جارہا ہے۔
ناقدین کے مطابق سلیکشن کے طریقہ کار میں اس مبینہ ابہام اور شفافیت کی کمی کی وجہ سے یہ تاثر عام ہورہا ہے کہ مسلح افواج کو سیاسی رنگ دینے اور اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، جس سے یہ اہم فوجی تقرری ہندوتوا نظریات کے زیر اثر آچکی ہے۔