ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور مہنگائی کا جھٹکا تیار کر لیا گیا ہے جہاں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے جس پر آج نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سماعت کرے گی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایندھن کی لاگت میں ردوبدل کے باعث بجلی کی قیمت میں 1 روپے 72 پیسے فی یونٹ اضافہ ضروری ہے۔ اگر نیپرا اس تجویز کی منظوری دیتا ہے تو اضافی نرخوں کا اطلاق ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
توانائی شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مجوزہ اضافے کی منظوری کی صورت میں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کے بجلی بل مزید بڑھ جائیں گے، جس سے پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ حتمی فیصلہ نیپرا کی سماعت اور درخواست کے جائزے کے بعد کیا جائے گا۔