بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے مالویہ نگر میں ایک کثیر منزلہ عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں 21 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آتشزدگی عمارت میں قائم ایک ریسٹورنٹ میں بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ ریسٹورنٹ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔
فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ حکام کے مطابق عمارت میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ مزید متاثرین کا پتہ لگایا جاسکے۔
پولیس اور متعلقہ اداروں نے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔