ایرانی ڈرونز اور میزائل حملوں کے بعد کویت میں سیکیورٹی الرٹ انتہائی بلند سطح پر پہنچ گیا، جبکہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
کویتی وزارتِ دفاع کے مطابق رات گئے ملک کے فضائی دفاعی نظام نے دشمن کی جانب سے داغے گئے متعدد ڈرونز اور میزائلوں کا بروقت سراغ لگا کر انہیں فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ وزارت کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں سنائی دینے والے زور دار دھماکے دراصل دفاعی کارروائی کا حصہ تھے اور شہریوں کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب کویتی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ حالیہ حملوں کے بعد کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ حکام کے مطابق حملوں کے نتیجے میں ایئرپورٹ کی بعض تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ چند افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر تمام پروازیں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں اور آنے جانے والی کئی پروازوں کا رخ متبادل ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ حکام صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اور فضائی آپریشنز کی بحالی سے متعلق فیصلہ حالات معمول پر آنے کے بعد کیا جائے گا۔
علاقے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں جبکہ کویتی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔