وزیراعظم اور چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2.0 اور اقتصادی تعاون تیز کرنے پر اتفاق

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاک چین تعلقات، سی پیک کے دوسرے مرحلے اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔

وزیراعظم نے چینی صدر Xi Jinping اور چینی وزیراعظم Li Qiang کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اپنے حالیہ دورۂ چین کے دوران ہونے والی اہم ملاقاتوں کو مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور مفاہمتوں پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے، جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے، سی پیک 2.0، کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے۔

وزیراعظم نے ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد حاصل کیے جاسکیں۔

ملاقات میں قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے پر پیش رفت، سیکیورٹی، انسداد دہشت گردی، دفاعی تعاون اور پاکستان کے لیے اقتصادی و مالی معاونت سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کو عیدالاضحیٰ کی پیشگی مبارکباد دی اور ان کے حالیہ دورۂ چین کو کامیاب قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کو ہر شعبے میں وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US