امریکی کسٹمز اینڈ بارڈر حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں بھارتی شہری بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ”آپریشن چیک میٹ“ کے تحت کی جانے والی کارروائی میں گرفتار کیے گئے 36 ٹرک ڈرائیوروں میں سے کم از کم 30 کا تعلق بھارت سے بتایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں سے متعدد کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا مطلوبہ قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد غیر قانونی امیگریشن، جعلی دستاویزات کے استعمال اور ٹرانسپورٹیشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کرنا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ گرفتار افراد کے قانونی اسٹیٹس اور دیگر معاملات کی مزید چھان بین کی جارہی ہے۔