گلگت بلتستان میں آزاد، شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں، شازیہ مری

image

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کراچی میں گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وہاں آزاد اور شفاف انتخابات کرانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابی میدان میں شکست کے خوف نے سیاسی مخالفین کو پری پول رگنگ پر مجبور کردیا ہے کیونکہ گلگت بلتستان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ان کی نیندیں حرام کردی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف حلقوں سے انتخابی عمل میں مداخلت، انتظامی افسران کے تبادلوں، ووٹر لسٹوں میں ردوبدل اور سرکاری مشینری کے ذریعے نتائج پر اثرانداز ہونے کی تشویشناک شکایات موصول ہو رہی ہیں، جو کہ جمہوری اقدار کے خلاف ہیں۔

شازیہ مری نے وفاقی وزراء کی انتخابی مہم میں سرگرم شرکت اور انتخابات کے دوران گلگت بلتستان میں پنجاب پولیس کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے شفافیت پر سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے سوال کیا کہ انتخابی عمل کو غیر جانبدار بنانے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں، کیونکہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت شفاف، منصفانہ اور ایماندارانہ انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے اور الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے کیونکہ عوامی رائے پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش یا عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US