نورمقدم قتل کیس کے مجرم کی نظرثانی درخواست مسترد، سزائے موت برقرار

image

اسلام آباد میں سپریم کورٹ نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی مجرم ظاہر جعفر کی نظرثانی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کی سزائے موت کو برقرار رکھا ہے۔

سپریم کورٹ میں جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت مکمل کرنے کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔

دورانِ سماعت مجرم کے وکیل نے دلائل میں تسلیم کیا کہ مقتولہ نور مقدم کے ساتھ ظلم ہوا ہے اور وہ اس پر مقتولہ کے خاندان سے معذرت خواہ ہیں۔

وکیل صفائی نے عدالت کے سامنے موقف اختیار کیا کہ ان کے دلائل کا مرکز وقوعہ کے وقت مجرم کی دماغی حالت ہے، کیونکہ وقوعے اور ٹرائل کے دوران ان کے موکل کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں تھی، تاہم وہ یہ نہیں کہیں گے کہ ان کے موکل نے قتل نہیں کیا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ظاہر جعفر کی جانب سے دائر نظرثانی کی درخواست کو خارج کردیا اور عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US