نائیجر میں عید کی تعطیلات کے بعد واپس آنے والے مسافروں کو لے جانے والا ایک ٹرک صحرائے صحارا میں خراب ہونے کے باعث المناک حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 49 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 100 مسافروں پر مشتمل ٹرک مالی سے نائیجر جا رہا تھا کہ راستہ بھٹکنے کے بعد صحرا کے ایک دور افتادہ علاقے میں پھنس گیا۔ کئی روز تک دشوار سفر کے بعد گاڑی مکمل طور پر ناکارہ ہوگئی، جس کے باعث مسافر شدید گرمی اور سخت موسمی حالات میں محصور ہو کر رہ گئے۔
رپورٹس کے مطابق پانی کا ذخیرہ ختم ہونے پر متعدد مسافر شدید ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوگئے۔ دو افراد تقریباً 50 کلومیٹر پیدل چل کر پانی کے ایک مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اور بعد ازاں حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو متعدد افراد کی لاشیں ٹرک کے اندر اور اس کے اطراف میں موجود تھیں۔ حکام نے جاں بحق افراد کی تدفین اجتماعی قبروں میں کردی۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ مسافر صحرا کے ایسے دشوار گزار علاقے میں پھنس گئے تھے جہاں شدید گرمی، پانی کی عدم دستیابی اور امدادی سہولیات کے فقدان کے باعث زندہ رہنا انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔