ایران سے متعلق خفیہ آپریشنز میں ناکامی، موساد کے ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے سے برطرف

image

اسرائیلی خفیہ ادارے موساد میں اعلیٰ سطح پر اہم تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں ایران سے متعلق مبینہ خفیہ کارروائیوں اور اسٹریٹجک اہداف کے حصول میں ناکامی کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ایران میں مبینہ طور پر سیاسی دباؤ بڑھانے اور حکومتی ڈھانچے کو کمزور کرنے کے لیے مختلف خفیہ اقدامات کیے، جن پر بھاری مالی وسائل خرچ کیے گئے اور سینکڑوں ایجنٹس کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان وسیع کوششوں کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہوسکے، جس کے باعث ان آپریشنز کو غیر مؤثر اور توقعات سے کم قرار دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس صورتحال کو اسرائیلی خفیہ ادارے کی قیادت نے سنجیدگی سے لیا ہے۔

موساد کے ڈائریکٹر گفمین کی جانب سے جاری بیان میں اگرچہ سبکدوش ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر کی 22 سالہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، تاہم مبصرین اس تبدیلی کو ادارے کی حالیہ کارکردگی سے جوڑ رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آنے والے دنوں میں موساد کے مزید سینئر افسران کے عہدوں میں تبدیلی یا استعفوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US