ایران کے مختلف شہروں تہران، تبریز، اصفہان اور کرج میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کی تصدیق کر دی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق فضائیہ نے مغربی اور وسطی ایران میں ایرانی حکومت سے وابستہ فوجی تنصیبات پر حملے کیے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے جنوب مغربی شہر ماہشہر میں واقع پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے متعدد اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق حملے میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے جبکہ احتیاطی تدابیر کے تحت ماہشہر کے خصوصی پیٹرو کیمیکل اکنامک زون کو خالی کرایا جا رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے اسرائیل کو ایران کے خلاف جوابی کارروائی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور امید ہے کہ اسرائیل مزید کشیدگی سے اجتناب کرے گا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر کو ایران پر حملے کے ارادے سے آگاہ کیا تھا جس پر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اگر اسرائیل نے حملہ کیا تو امریکا اس کارروائی میں شریک نہیں ہوگا۔