چھت کی ٹینکی کے پانی کو گرمیوں میں ٹھنڈا رکھنے کے آسان اور سستے گھریلو طریقے

image

کراچی سمیت ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران اکثر شہریوں کو چھتوں پر رکھی پانی کی ٹینکی سے نکلنے والے گرم پانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو نہانے کے دوران سکون دینے کے بجائے مزید بے چینی کا باعث بنتا ہے۔ تاہم ماہرین اور گھریلو تجربات کی روشنی میں ایسے سادہ، سستے اور ماحول دوست طریقے سامنے آئے ہیں جن کے ذریعے ٹینکی کے پانی کو نسبتاً ٹھنڈا رکھا جا سکتا ہے۔

گرمیوں میں پانی کو ٹھنڈا رکھنے کا ایک مؤثر اور آسان طریقہ جوٹ کے تھیلوں کا استعمال ہے۔ اگر ٹینکی کے گرد جوٹ کے تھیلے مضبوطی سے لپیٹ دیے جائیں اور دن میں ایک یا دو بار ان پر پانی چھڑکا جائے تو یہ نمی جذب کرکے قدرتی ٹھنڈک پیدا کرتے ہیں، جس سے دوپہر کے اوقات میں بھی پانی نسبتاً ٹھنڈا رہتا ہے۔

اس کے علاوہ ٹینکی کو سفید رنگ کرنا بھی ایک مؤثر حل سمجھا جاتا ہے کیونکہ سفید رنگ سورج کی حرارت کو کم جذب کرتا ہے۔ اسی طرح ٹینکی پر تھرموکول یا ایلومینیم فوائل کی شیٹس لگانے سے بھی حرارت اندر داخل نہیں ہو پاتی اور پانی کا درجہ حرارت کم رہتا ہے۔

قدرتی سایہ فراہم کرنا بھی ایک مؤثر طریقہ ہے۔ ٹینکی کے اوپر بانس کی چٹائی یا گرین نیٹ کی دو سے تین تہیں لگا کر سورج کی براہ راست شعاعوں کو روکا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ اگر ان جالیوں پر پھولوں کی بیلیں لگا دی جائیں تو ٹھنڈک کا اثر مزید بڑھ جاتا ہے۔

ایک روایتی مگر پائیدار طریقہ یہ بھی ہے کہ ٹینکی کے گرد اینٹوں کی ایک چھوٹی دیوار بنا کر اس کے اندر ریت بھر دی جائے۔ ٹینکی اور دیوار کے درمیان 4 سے 5 انچ کا فاصلہ رکھ کر اسے ریت سے بھرنے سے قدرتی انسولیشن پیدا ہوتی ہے جو گرمی کو پانی تک پہنچنے سے روکتی ہے۔ اس طریقے سے بھی دن کے اوقات میں پانی نسبتاً ٹھنڈا رہتا ہے۔

ان سادہ اور کم خرچ تدابیر پر عمل کرکے شدید گرمی میں بھی ٹھنڈے پانی کی سہولت حاصل کی جا سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US