ویڈیوز میں گھر اور زیورات دکھانے والی خاتون ویلاگر کے گھر لاکھوں روپے کی چوری

image

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک خاتون ویلاگر کے گھر سے نامعلوم افراد لاکھوں روپے مالیت کے سونا، چاندی کے زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی سامان چُرا کر فرار ہو گئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمان نے واردات کی منصوبہ بندی کے لیے ویلاگر کی سوشل میڈیا ویڈیوز سے معلومات حاصل کیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش میں ایک خاتون ویلاگر چوری کی بڑی واردات کا شکار ہو گئی ہیں۔ متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والے سامان میں سونا، چاندی کے زیورات، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 8 سے 10 لاکھ روپے بنتی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گھر کی نگرانی کے لیے نصب کیے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق فوٹیج میں ایک نقاب پوش شخص کو لاٹھی کے ذریعے کیمرے کا رخ تبدیل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس کے بعد واردات انجام دی گئی۔

تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ خاتون ویلاگر نے حالیہ دنوں میں اپنے گھر، زیورات، نقد رقم اور طرزِ زندگی سے متعلق متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی تھیں۔

پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمان نے انہی ویڈیوز کی مدد سے گھر کے نقشے، قیمتی سامان کی موجودگی اور دیگر اہم معلومات حاصل کیں اور پھر چوری کی منصوبہ بندی کر کے واردات کو انجام دیا۔

بھارت میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر دولت، قیمتی اشیاء اور گھر کی تفصیلات نمایاں انداز میں شیئر کرنے کے ممکنہ خطرات پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US