چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے لیے جامع اور تاریخی اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فراڈ، فائل کلچر اور غیر شفاف لین دین کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ریئل اسٹیٹ منصوبوں میں پلاٹس کی فروخت اور ملکیت کی منتقلی کا نظام ریگولیٹر کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔
چیئرمین نیب نے بتایا کہ نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور تمام ادائیگیاں بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم میں فروخت ہونے والے پلاٹس کی تعداد اصل دستیاب پلاٹس سے زیادہ نہیں ہو سکے گی جبکہ ہر پلاٹ کی باقاعدہ شناخت اور ریکارڈ موجود ہوگا۔
اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ شفافیت، انصاف اور قانون کی حکمرانی مضبوط معیشت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں گورننس کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔