فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر لبنانی کمانڈر اِن چیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں جنرل روڈولف ہائیکل نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور لبنان کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کی افواج نے فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
اس موقع پر جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لبنانی کمانڈر نے بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو بھی سراہا جبکہ دونوں ممالک نے دفاعی شعبے میں تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔