پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں امن، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل پر زور

image

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں عدم پھیلاؤ (Non-Proliferation) سے متعلق اجلاس کے دوران پاکستان نے ایک بار پھر عالمی امن، علاقائی استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنے مستقل اور اصولی مؤقف کا اعادہ کیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کمزور جنگ بندی سنگین خطرات کو جنم دے سکتی ہے، جبکہ موجودہ کشیدگی تیزی سے ایک خطرناک رخ اختیار کر رہی ہے جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری، مؤثر اور سنجیدہ سفارتی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ان کے مطابق حالیہ واقعات نے خطے کی حساس صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور اگر فریقین نے ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ نہ کیا تو یہ کشیدگی ایک بڑے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ موجودہ حالات نے ایرانی جوہری معاملے پر جاری سفارتی عمل کو بھی متاثر کیا ہے اور فریقین کے درمیان اعتماد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور مذاکرات کو واحد مؤثر راستہ قرار دیتا آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری اور اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے فروغ اور مذاکراتی عمل کی بحالی کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں۔

ان کے مطابق فریقین نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بات چیت پر آمادگی ظاہر کی، جس کے نتیجے میں اسلام آباد میں کئی برس بعد براہِ راست رابطے اور مذاکرات کا اہم موقع پیدا ہوا۔ پاکستان نے نہ صرف دونوں فریقین کے درمیان رابطوں کو سہولت فراہم کی بلکہ اعتماد سازی اور بامقصد مکالمے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں بھی کردار ادا کیا۔

اختتامی خطاب میں سفیر عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ تمام فریقین صبر، تدبر اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سفارت کاری کو ایک اور موقع دیں، کیونکہ پائیدار امن اور عالمی سلامتی کا راستہ صرف مذاکرات اور تعمیری مکالمے سے ہی ممکن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US