پاک فضائیہ ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک کراچی میں انٹری نمبرز 2312، 2412 اور 2506 کے زیرِ تربیت ٹرینیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں پاک فضائیہ، پاک بحریہ اور دوست ممالک کے مجموعی طور پر 1045 ٹرینیز نے کامیابی سے اپنی تربیت مکمل کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ تھے، جن کا استقبال ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضل، ایئر آفیسر کمانڈنگ پاک فضائیہ ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک نے کیا۔
پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور شاندار کارکردگی کے باعث عالمی سطح پر ایک مؤثر فضائی قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ کے وژن کے مطابق ایئرمینز کی تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کے ملٹی ڈومین آپریشنز اور بدلتے ہوئے جنگی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملکی خودمختاری اور دفاع میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور مشرقی و مغربی سرحدوں پر درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق بنیان المرصوص کے دوران پاک فضائیہ نے خلائی، سائبر، الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں، بغیر پائلٹ فضائی نظاموں اور جدید ڈرونز کے ذریعے ملٹی ڈومین آپریشنز کا کامیاب مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجیز نے مستقبل کی جنگوں کی نوعیت بدل دی ہے اور قومی قیادت کے عزم کے تحت پاک فضائیہ نیشنل ایرو اسپیس اینڈ ٹیکنالوجی پارکس کے ذریعے مقامی سطح پر دفاعی اور فضائی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کے سفر پر گامزن ہے۔
تقریب میں مجموعی بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ائیرکرافٹ مین محمد انس ارشد نے حاصل کی، جبکہ اصغر خان ٹرافی برائے بہترین کارکردگی شعبہ ایرو ناٹکس ائیرکرافٹ مین محمد ابوبکر کے نام رہی۔ نور خان ٹرافی برائے بہترین کارکردگی شعبہ ایرو اویونکس ٹیکنالوجی ائیرکرافٹ مین محمود حسن کو دی گئی، جبکہ جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر ایئر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی اکیڈمی سارجنٹ ائیرکرافٹ مین محمد ارسلان کے حصے میں آئی۔ غیر ملکی ٹرینیز میں بہترین کارکردگی کا اعزاز اردن سے تعلق رکھنے والے لانس کارپورل عزالدین خالد الدیک نے حاصل کیا۔
مہمانِ خصوصی نے فارغ التحصیل ٹرینیز اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ تربیتی عملے کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو بھی سراہا۔