وفاقی وزیر توانائی سے ہسپانوی سفیر کی ملاقات، سرمایہ کاری مواقع، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

image

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری سے پاکستان میں ہسپانیہ کے سفیر کارلوس آراگون نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ہسپانوی سفیر نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ وفاقی وزیر توانائی نے حکومت کی جانب سے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات سے آگاہ کیا۔

اویس لغاری نے کہا کہ حکومت مزید بجلی کی خریداری کے بجائے مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست لین دین کے ذریعے بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر کمپنیوں کو بھی مرحلہ وار نجکاری کے عمل میں شامل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ٹرانسمیشن نظام، گرڈ ڈیجیٹائزیشن اور بیٹری انرجی سٹوریج کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 16 ملین بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، جو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میٹروں کی ڈیجیٹل منتقلی نہ صرف بجلی کے نظام کو جدید بنائے گی بلکہ شفافیت، کارکردگی اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US