وفاقی بجٹ 27-2026 میں تنخواہ دار طبقے کو ٹیکس ریلیف دینے کی مختلف تجاویز زیر غور ہیں، تاہم کم آمدن والے ملازمین کے لیے ریلیف کے امکانات محدود دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ماہانہ ایک لاکھ 83 ہزار روپے تک آمدن رکھنے والے افراد کو ٹیکس میں رعایت ملنے کا امکان کم ہے جبکہ اس سے زائد آمدن والے تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں نرمی کی تجاویز پر غور جاری ہے۔ اس سلسلے میں انکم ٹیکس سلیب کی تعداد 6 سے بڑھا کر 8 کرنے کی سفارش بھی زیر غور ہے۔
مجوزہ تجاویز کے تحت ماہانہ 2 لاکھ 67 ہزار روپے آمدن رکھنے والے افراد کے لیے ٹیکس کی شرح 25 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح 35 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تجاویز کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی جائے گی جس کے بعد وفاقی بجٹ میں باضابطہ اعلان متوقع ہے۔