پاکستان آرمی نے برطانیہ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی پیس اسٹکنگ مقابلے 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کی نمائندگی کرنے والی پاکستان آرمی ٹیم نے رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ، برطانیہ میں منعقدہ انٹرنیشنل پیس اسٹکنگ کمپیٹیشن 2026 میں نہ صرف مجموعی ٹیم ٹرافی جیتی بلکہ بیسٹ پیس اسٹکر اور بیسٹ ڈرائیور کے اعزازات بھی حاصل کر کے تمام بڑے ایوارڈز اپنے نام کر لیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 9 رکنی پاکستانی دستے کی قیادت میجر حیدر گلزار، ایڈجوٹنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے کی، جو 5 جون 2026 کو برطانیہ پہنچا تھا۔
مقابلے میں مختلف ممالک کی افواج کی 16 ٹیموں نے شرکت کی، جہاں سخت مقابلے کے بعد پاکستان آرمی نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ تربیت اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پاک فوج کے اعلیٰ تربیتی معیار، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری مہارت کو اجاگر کرتی ہے۔