وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کا بجٹ منظور کرلیا

image

وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ دستاویزات اور فنانس بل کے مسودے کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ دو مراحل میں کیا جائے گا جبکہ گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو نسبتاً زیادہ ریلیف فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آج اپنی مدت کا تیسرا بجٹ پیش کر رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ بجٹ ملکی معیشت کو مزید تیزی سے آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود عوام کو بہتر بجٹ دینے کی کوشش کی گئی ہے اور مہنگائی کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی ہے تاہم خطے کی حالیہ صورتحال کے باعث اس میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے اور توانائی کے شعبے میں سولر، ونڈ اور بیٹری اسٹوریج جیسے متبادل ذرائع پر توجہ دینا ہوگی، جبکہ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے نئے ڈیمز کی تعمیر بھی ناگزیر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US