ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر تاج آفریدی موٹروے ایم ون پر پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حادثہ کرنل شیر خان انٹرچینج کے قریب اس وقت پیش آیا جب سابق سینیٹر کی گاڑی کو مبینہ طور پر مکینیکل فالٹ کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تاج آفریدی اسلام آباد سے پشاور جا رہے تھے۔ حادثے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کا ڈرائیور معمولی زخمی ہوا، جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ گاڑی میں پیدا ہونے والا مکینیکل نقص معلوم ہوتی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔