وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وفاقی بجٹ 27-2026 میں درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجاویز پیش کردی ہیں۔
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت نے درآمدی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 2 سے 3 ہزار سی سی تک کی ایس یو ویز (SUVs) پر بھی یہ ڈیوٹی لاگو کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 3 ہزار سی سی سے زائد صلاحیت کی بڑی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مہنگی الیکٹرک گاڑیوں پر بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے آٹو سیکٹر کے حوالے سے مزید بتایا کہ نئی آٹو پالیسی فی الوقت وزیراعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کے زیر غور ہے۔ تاہم، الیکٹرک موٹر سائیکلوں، رکشوں اور بسوں پر موجودہ رعایتی نظام کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ درآمد کیے جانے والے الیکٹرک ٹرکوں پر ایک فیصد سیلز ٹیکس کی سہولت دینے کی تجویز ہے۔ بجٹ تقریر میں یہ اہم اعلان بھی کیا گیا ہے کہ بیرون ملک بزنس کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کو ختم کردیا گیا ہے۔