شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 48 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میران شاہ اور اس کے گرد و نواح میں خوارج کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں شدید جھڑپوں کے دوران مزید 21 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار اہم کمانڈر بھی شامل ہیں، جن میں خارجی خالد رضا عرف سالار، خارجی مفتون، خارجی موسیٰ اور خارجی عمران عرف ایان شامل ہیں۔ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ انتہائی مہارت اور درستگی سے کیے گئے آپریشنز کے نتیجے میں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 48 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔