وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں کراچی کے بلک واٹر سپلائی منصوبے کے-فور (K-IV) کے لیے 10 ارب روپے مختص کر دیے ہیں۔
بجٹ دستاویز کے مطابق دیرپا شہری ترقی اور ہاؤسنگ کے شعبے کے لیے مجموعی طور پر 54 ارب 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں، جس کے تحت وفاقی اور صوبائی سطح پر ایک لاکھ 50 ہزار سستے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت ملک کے 10 بڑے شہروں کے لیے ڈیجیٹل ماسٹر پلانز بھی تیار کیے جائیں گے۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے 14 ارب روپے، مہمند ڈیم کے لیے 22 ارب روپے جبکہ داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے 15 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ توانائی کے شعبے کے لیے مجموعی طور پر 116 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
بجٹ کے مطابق صنعتی ترقی اور برآمدی مسابقت بڑھانے کے لیے 6 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کراچی کو چمن سے ملانے والی این-25 شاہراہ (پاکستان ایکسپریس وے) کو دو رویہ کرنے کے لیے 100 ارب روپے جبکہ سکھر-حیدرآباد موٹروے کے لیے 30 ارب روپے کی سرمایہ کاری تجویز کی گئی ہے۔
اسی طرح ایم ایل ون منصوبے کے کراچی تا روہڑی سیکشن پر کام آئندہ سال شروع کیا جائے گا، جس کے لیے 25 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔