ایرانی جوہری تنصیبات کے گرد بارودی سرنگیں نصب، امریکی انٹیلی جنس کا دعویٰ

image

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے زیر زمین جوہری تنصیبات کے داخلی راستے بند کردیے ہیں اور ان تک پہنچنے والے راستوں پر بارودی سرنگیں بھی نصب کردی ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے حالیہ ہفتوں میں اپنے جوہری مواد کی حفاظت کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں، جن میں زیر زمین سرنگوں کو سیل کرنا اور ان کے داخلی راستوں کو ناقابل رسائی بنانا شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق ان اقدامات کے بعد تقریباً نصف ٹن انتہائی افزودہ یورینیم تک رسائی پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مشکل، خطرناک اور وقت طلب ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی اندازوں کے مطابق اس یورینیم کا بڑا حصہ وسطی ایران میں واقع اصفہان کی جوہری تنصیب کے منہدم شدہ زیر زمین حصوں میں محفوظ ہے، جبکہ کچھ مقدار دیگر خفیہ مقامات پر بھی منتقل کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مئی کے وسط میں امریکی فوج اس جوہری مواد پر قبضے کے لیے ایک ممکنہ آپریشن کی تیاری کررہی تھی، تاہم اسے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے مؤخر کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد ایران نے ان تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کردی اور انہیں پہلے سے زیادہ محفوظ بنادیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US