تونسہ شریف میں جھنگی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق بلوچ کے مطابق دھماکا خیز مواد سے بھری ایک گاڑی کو چیک پوسٹ کے مرکزی گیٹ سے ٹکرایا گیا، جس کے باعث ایک زور دار دھماکا ہوا۔ اس دھماکے کی زد میں آکر چیک پوسٹ کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور وہاں تعینات تین اہلکار زخمی ہوئے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ملوث عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
ڈی پی او نے تصدیق کی ہے کہ خودکش حملہ آور دھماکے میں مارا جا چکا ہے اور اب جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ کسی بھی دوسرے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔