امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا، وزیراعظم شہباز شریف

image

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طویل اور اہم مذاکرات کے بعد امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کی باضابطہ دستخطی تقریب 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوگی۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں فریقین نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ معاہدے میں لبنان سمیت دیگر علاقوں میں جاری کشیدگی اور عسکری سرگرمیوں کے خاتمے کی شقیں بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے معاہدے کی کامیابی میں قطر، سعودی عرب اور ترکیے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے تنازع کے پرامن حل کے لیے اہم سفارتی کوششیں کیں۔

انہوں نے بتایا کہ ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ممالک رواں ہفتے متعدد اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں معاہدے پر عملدرآمد سے قبل تکنیکی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔

شہباز شریف نے امریکا اور ایران کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے سفارت کاری کو ترجیح دے کر خطے میں امن و استحکام کی راہ ہموار کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ عالمی سطح پر امن، سلامتی اور تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے باعثِ افتخار ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دنیا نے امن کی جانب ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے اور جنگ کی تاریک رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہوگیا ہے۔ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث خطے میں کشیدگی میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ امن کے فروغ میں ملکی عسکری قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن کے قیام اور خطے میں استحکام کے لیے دن رات انتھک محنت کی اور مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی۔

انہوں نے اس کامیابی پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، بلاول بھٹو زرداری اور تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی رہنمائی ہر مرحلے پر ان کے ساتھ رہی۔ وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر مسعود پزشکیان، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت تمام دوست ممالک کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے امن عمل کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزارت خارجہ کے حکام اور مذاکراتی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ خلوص، استقامت اور دانشمندی سے اس مشکل مرحلے کو کامیابی سے عبور کیا گیا۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے ایوان میں موجود ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کو خوش آمدید بھی کہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US