وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تاریخ ساز لمحات سے گزر رہا ہے اور حالیہ پیش رفت کے نتیجے میں عالمی سطح پر ملک کے عزت و وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی قیادت، بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نہایت دانشمندی اور حکمت عملی کے ساتھ ایک حساس مسئلے کو حل کیا، جس کے نتیجے میں اہم پیش رفت ممکن ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں معاہدے پر جمعہ کے روز دستخط کیے جائیں گے اور پاکستان کو حالیہ عرصے میں ایسا اعزاز پہلے کبھی حاصل نہیں ہوا۔
وزیر دفاع نے ایرانی قیادت اور عوام کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں اپنی قوم کی بہترین انداز میں رہنمائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امت مسلمہ اسی جذبے کے ساتھ اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے تو مسئلہ فلسطین کا حل بھی ممکن ہو سکتا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ماضی میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان اسی نوعیت کا مضبوط تعاون موجود ہوتا تو پاکستان کئی مزید بین الاقوامی کامیابیاں حاصل کر چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برس کی کوششوں کا آج اللہ تعالیٰ نے بڑا ثمر عطا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک سال قبل بھی ایک اہم جنگ لڑی جس میں مسلح افواج نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ ملک اس وقت دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی جنگ میں مصروف ہے۔ ان کے بقول یہ صرف ریاستی اداروں کی نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کی مشترکہ جنگ ہے، جس میں کامیابی قومی اتحاد اور یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔